کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہےکہ سڑکیں بلاک کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں مزار قائد کے سامنے والا گراؤنڈ جماعت اسلامی کے لیے دھرنوں کے لیے مختص کردینا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع جنوبی شیریں جناح کالونی کی یوسی 12 اور یوسی 13 میں پارکس، ڈسپنسری، سرد خانہ، کمیونٹی سہولیات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا، اس موقع پر علاقہ معززین، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، منتخب نمائندگان اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے میئر نے کہا کہ ہماری قیادت اس شہر کے دکھ سکھ میں شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے، اسی لیے ہمارا روزانہ کا ہدف یہ ہوتا ہے کہ ہمارے فیصلوں، ہمارے قلم اور ہماری زبان سے عوام کو فائدہ پہنچے، کل ڈسٹرکٹ سینٹرل اور آج ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں موجود ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پورے کراچی میں بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں، یہ ٹاؤن کسی اور کا ہے، ایم این اے اور ایم پی اے کسی اور جماعت سے ہیں، لیکن لوگ ہمارے ہیں اور ان کی خدمت ہماری ذمہ داری ہے، شہر میں سڑکوں کی بندش اور دھرنوں کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، حکومت کی رٹ کو کمزور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ سڑکیں بلاک کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائیں، کیونکہ اپیکس کمیٹی میں اس حوالے سے فیصلہ ہو چکا ہے، مزار قائد کے سامنے والا گراؤنڈ جماعت اسلامی کے لیے دھرنوں کے لیے مختص کردینا چاہئے۔