کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرملک گیر احتجاج کے سلسلے میں بااختیار بلدیاتی نظام، ای چالان، ٹریفک حادثات اور دیگر سنگین شہری و بلدیاتی مسائل کے خلاف نوجوانوں کا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں کراچی بھر سے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔احتجاج میں گدھا گاڑی والوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء نے بینرز و پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پرتحریر تھاکہ ٹینکر مافیا کو لگام دو، ہیوی ٹریفک کو متبادل راستہ دو، خونی حادثات حکومت کی مجرمانہ خاموشی، ای چالان کے نام پر لوٹ مار بند کرو۔ احتجاجی مظاہرے سے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی کی 17سالہ کارکردگی نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن کامجموعہ ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر نہ صرف کراچی بلکہ پورے پاکستان میں بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے احتجاج جاری ہے۔ پیپلز پارٹی کی 17سالہ کارکردگی نااہلی، بدانتظامی اور بدترین کرپشن کا مجموعہ ہے۔کراچی کا ہر نوجوان گزشتہ 15روز سے شہر کے بنیادی مسائل کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے ای چالان کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جرمانوں کے اس نظام کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ صوبہ سندھ پر ایک ایسا نظام مسلط کر دیا گیا ہے جس نے کراچی کو یرغمال بنا رکھا ہے۔