کراچی(اسٹاف رپورٹر) لانڈھی ،ملیر ندی میں گر نے سےکمسن بچہ ڈوب کرجاں بحق ہوگیا ،تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ تھانہ کی حدود لانڈھی ملیر ندی میں گر کر 4سالہ زید ولد عاقب جاں بحق ہوگیا ،حادثہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نےموقع پرپہنچ کر متوفی بچہ کی میت کوندی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او تھانہ شرافی گوٹھ انسپکٹر قمر عباس نے بتایا ہےکہ ندی میں گر کر جاں بحق ہونے والا بچہ لانڈھی مانسہرا کالونی کا رہائشی تھا ،متوفی بچہ کے گھر میں شادی کی تقریب تھی ،گھر والے شادی کے معاملات میں مصروف تھے متوفی بچہ ایک دوسرے بچہ کے ساتھ گھر سے نکل کر کھیلتے کھیلتے گھر سے ایک کلو میٹر دور ملیر ندی کے قریب پہنچے جہاں پر زید حادثاتی طور پر ندی میں گر کر جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد متوفی بچہ کی میت ورثاء کے حوالے کردی ۔