کراچی( اسٹاف رپورٹر) حکومتِ سندھ کی ایگزاٹک (غیر مقامی )جانوروں سے متعلق پالیسی کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ چڑیا گھر میں غیر مقامی جانوروں کی افزائش فوری طور پر روکی جائے، بالخصوص بگ کیٹس کی افزائش پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ یہ ہدایات چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران دی گئیں، جس میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، چڑیا گھر انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی چڑیا گھر میں موجود غیر مقامی جانوروں کی موجودہ صورتحال، انتظامی طریقہ کار اور آئندہ کی منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ جانوروں کی فلاح و بہبود، اخلاقی انتظام اور اسیر جنگلی حیات سے متعلق عالمی معیار پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی جانوروں، خصوصاً بگ کیٹس کی بے قابو افزائش جانوروں کی صحت، جگہ کی کمی اور طویل المدتی انتظام کے حوالے سے سنگین مسائل کو جنم دیتی ہے، جس کا فوری تدارک ناگزیر ہے۔