کراچی (جنگ نیوز)مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے پی ٹی آئی کے مطالبات کا جواب دینے کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر ذیلی کمیٹی بنادی ہے، جس میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے، ذیلی کمیٹی قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد اگلی مذاکراتی بیٹھک میں جواب جمع کروائے گی۔۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے درمیان اصل اختلاف جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے ٹرمز آف ریفرنس پر ہے، اگر ٹرمز آف ریفرنس پر اتفاق ہوگیا تو جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبات ہمارے اختیار سے بڑھ کے ہیں، پی ٹی آئی نے ضرورت سے زیادہ اور بے تُکے مطالبات پیش کیے ہیں، پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ہم تمام لا اینڈ فورسز ایجنسیزکو اس کے حوالے کردیں۔