کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے ماحول دوست’’ ای وی ٹیکسی‘‘ جلد لانچ کرنے اور ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا، جب کہ صوبے کے بڑے شہری اور دیہی علاقوں میں ایک مضبوط ای وی چارجنگ نیٹ ورک قائم کرنے کے منصوبوں پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منگل کو یہاں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر وزیر نے کہا کہ جدید، ماحول دوست ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کا مقصد ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، مذکورہ ٹیکسی سروس کے آپریشنز کی نگرانی اور انہیں ریگولیٹ کرنے کے لیے ایک ریگولیٹری ادارہ بنایا جا رہا ہے۔