• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کا ڈپٹی کمشنر آفس کیماڑی اور رسالہ ماڈل پولیس اسٹیشن کا اچانک دورہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ڈپٹی کمشنر آفس کیماڑی اور رسالہ ماڈل پولیس اسٹیشن کا اچانک دورہ، غیرحاضری پر 2 اسسٹنٹ کمشنر اور 1 مختیار کار معطل ،درست بریفنگ دینے میں ناکامی پر سب رجسٹرار کا تبادلہ ، خواتین شکایات سیل کی کارکردگی پر عدم اطمینان، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ منگل کی صبح اچانک وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کے ہمراہ کیماڑی میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر اور رسالہ ماڈل پولیس اسٹیشن پہنچ گئے ،وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنائے۔ڈپٹی کمشنر آفس کیماڑی ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں وزیر اعلیٰ نے دیکھا کہ کئی افسر غیر حاضر تھے جبکہ سائلین مدد کے انتظار میں کھڑے تھے۔ تحقیقات پر پتہ چلا کہ اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) نواز کلوڑ، اسسٹنٹ کمشنر ماڑی پور محمد یاسین اور مختیارکار میر محمد نواز تالپور ڈیوٹی پر آئے ہی نہیں تھے۔ ڈومیسائل آفس کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے ڈومیسائل کے اجرا کے منتظر نوجوانوں سے ملاقات کی ۔ معلوم ہوا کہ ان کے ڈومیسائل کی پروسیسنگ مکمل ہو چکی تھی لیکن وہ غیر حاضر اسسٹنٹ کمشنر کے دستخط کا انتظار کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ ان کی خدمات معطل کی جائیں جس پر چیف سیکریٹری نے فوری طور پر معطلی کے احکامات جاری کر دیئے۔
اہم خبریں سے مزید