اسلام آباد ( نمائندہ جنگ )نیب ایک قومی احتسابی ادارے کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے وقتا فوقتا لوگوں کو ان عناصر کے بارے میں آگاہ کرتا رہا ہے جو لوگوں سے ہاؤسنگ سوسائٹیز کے نام پر دن رات پیسے بٹورنے میں مصروف ہیں۔ نیب اعلامیہ کے مطابق نیب کے پاس اس وقت بحریہ ٹاؤن اور دیگر افراد کے خلاف کئی مقدمات زیر تفتیش ہیں۔ نیب کے پاس شواہد ہیں کہ کراچی، تخت پڑی راولپنڈی اور نیو مری پشاور اور جام شورو سمیت کئی شہروں میں اراضی پر بھی قبضہ کیا گیاہے۔ نیب نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن اس وقت این سی اے کے مقدمے میں زیرتفتیش ہے ، حال ہی میں دبئی میں بھی لگژری اپارٹمنٹ کے حوالے سے ایک نیا پروجیکٹ شروع کیا گیاہے- لوگوں کو اس حوالے سے تنبیہ کی جاتی ہے کہ وہ مذکورہ پروجیکٹ کے اندر کسی قسم کی سرمایہ کاری سے اپنے آپ کو دور رکھیں اور اگر وہ ایسا کریں گے تو قانونی کارروائی ہو گی۔ حکومت پاکستان بھی فوری طور پر اس اہم معاملے پر دبئی کی حکومت سے رابطہ کر کے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔