اسلام آباد(کامرس رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بتایا ہے کہ سیلز ٹیکس میں 4100 ارب روپے کی چوری کا تخمینہ ہے ،ملک میں بجلی کے 30 لاکھ انڈسٹریل کنکشن ہیں، ان میں سے صرف 30 ہزار صنعتی صارفین سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں ، 60 ہزار صنعتی صارفین کی نشاندہی کر لی گئی ہے ، ان صنعتی صارفین کا بجلی کا بل موجودہ ٹیکس فائلرز سے زیادہ ہے ،اس سلسلے میں سیلز ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا جائے گا، حنا ربانی کھر نے کہا کہ نئے ٹیکس قانون ڈریکونیئن لاء ہے، رکن کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ نئے اقدامات کے کافی سائیڈ ایفیکٹ ہوں گے، چیئرمین کمیٹی سید نوید قمر نے کہا کہ ٹیکس بڑھانا تو ضروری ہے مگر چلتے ہوئے معاشی پہیہ کو نہ روکا جائے، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک نے تسلیم کیا کہ نان فائلرپر معاشی ٹرانزکشن پر پابندیوں سے بہت سے مسائل پیدا ہوں گے تاہم کالے دھن کو روکنے کے معیشت کو دستاویز ی بنانا بہت ضروری ہے ، چیئرمین ایف بی آر نے کہا کم ٹیکسوں کی وصولی کے باعث حکومت کو ڈالروں میں قرض لینا پڑتے ہیں ،وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ صرف 50لاکھ فائلرز سے ملک نہیں چلایا جاسکتا ، ہمیں ٹیکس نہ دینے والے اور کم ٹیکس دینے والے شعبوں کا پیچھا کرنا پڑے گا۔