اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیرقانون و انصاف سنیٹر اعظم نذیرتارڑ نے کہا ہے کہ کسی ادارے میں مداخلت نہیں کرتے، عدلیہ بھی ایسا نہ کرے انتخابات میں صنفی تفاوت کو ختم کرنے کیلئے جامع اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ 83اضلاع میں صنفی تفاوت کی شرح اب 10فیصد سے کم ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن اس حوالہ سے اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کررہاہے۔ انہوں نے یہ پالیسی بیان منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں مرد و خواتین ووٹرزکے درمیان صنفی فرق سے متعلق آسیہ نازتنولی،نزہت صادق،زہرا ودود فاطمی اور شائستہ خان کے توجہ مبذول کرانے کےنوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے دیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ 2018 کے الیکشن میں جینڈر گیپ 8 اعشاریہ گیارہ فی صد تھا۔ الیکشن کمیشن اور نادرا نے مل کرکوششیں کی تو 2024 میں یہ گیپ کم ہو کر4 اعشاریہ سات فیصد ہو گیا ہے۔اس کیلئے 10 فیصد سے زیادہ گیپ والے 113 اضلاع کی نشاندہی کی گئی تھی۔ 83 اضلاع میں یہ شرح اب 10 فیصد سے کم ہوگئی ہے ،بعض قبائلی علاقوں میں رکاوٹیں تھیں جس پرقانونی کار روائی کی گئی کئی مقامات پرری الیکشن بھی کرایاگیا ، 2029کے الیکشن میں یہ فرق مزید کم ہوگا۔