کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے طلبا یونین کے انتخابات کرانے کی قراردادمسترد کر دی جبکہ حیدر آباد سکھر موٹر وے تعمیر کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ طلباء کے جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہوئے طلباء یونینز کے انتخابات منعقد کروائے جائیں۔اسلامی جمعیت طلبہ نے جمعرات کو سندھ اسمبلی کے گھیرات کا اعلان کر دیا،وزیر پارلیمانی امورضیاءالحسن نے کہا کہ اس حوالے سے پہلے ہی عمل درآمد ہورہا ہے اس لئے وہ قرارداد کی مخالفت کرتے ہیں‘طلباءیونین کے انتخابات ہونے چاہئیں ‘یہ بات ہمارے منشور میں بھی موجود ہے اس پر کام ہو رہا ہے‘میرے حساب سے اس قرارداد کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سندھ حکومت نے طلباء یونینز سے پابندیاں ہٹا دی ہیں‘بعدازاں یہ قرارداد کثرت رائے سے مسترد کردی گئی۔جماعت اسلامی کے رکن نے قرارداد رد کئے جانے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے طلبہ تنظیموں پر پابندی ختم کرنے کا قانون تین سال پہلے منظور کیا تھا قانون سازی مکمل ہونے کے تین سال بعد بھی طلبہ یونینوں کے انتخابات نہیں کرائے گئے ۔ایوان نے پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ہیر سوہو کی ایک قرارداد جوسندھ سے متعلق منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دینے کے بارے میں تھی منظور کرلی ۔