راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری 4گاڑیوں 22موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ، موبائل فونز،نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہوگئے ،6افراد سے جھپٹا مار کران کے موبائل چھین لئے گئے۔اسلام آباد میں بھی10 وارداتوں میں5موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ، تھانہ کراچی کمپنی کے علاقوں سے ایک کار جبکہ تھانہ کراچی کمپنی ترنول اور تھانہ انڈسڑیل ایریا کے علاقوں میں 5 موبائل اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔ دو گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ۔ تھانہ سٹی کے علاقہ لیاقت روڈ پر محمد زاہد خان مینجر پٹرول پمپ اور رئیس موٹر سائیکل پر کیش جمع کروانے کیلئے بنک لیاقت روڈبرانچ جارہے تھے کہ 2موٹرسائیکلوں پر3 نامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر ان سے 12لاکھ روپے چھین لے گئے ۔دیگر وارداتوں میں گن پوائنٹ پر 6موبائل،4 موٹر سائیکل ، نقدی چھین لئے گئے ۔تھانہ صادق آباد کے علاقہ ڈھوک کالاخان میں عباسی سٹریٹ میں 4نامعلوم ملزمان نے گن پوائنٹ پر شاہد رضا سے 12 لاکھ سات سو پچاس روپے چھین لئے ۔ڈھوک کالاخان میں محمد آفتاب کے گھر سے 3موبائل ،ریلوے روڈ پرواقع واش روم کے باہر سے محمد محسن وغیرہ کے 4موبائل فونز،پیپلز کالونی میں غفران عباس کے گھر تالے توڑ کر 50ہزار روپے اورسونا مالیتی4لاکھ روپے ،بحریہ ٹاؤن میں ظہیر اعوان کے گھر سے 2 پستول،2 لیپ ٹاپ، 2 موبائل فون،ایک لاکھ روپے کے پرائز با نڈز، مہوش کے گھر سے 2 سمارٹ واچ،2 موبائل فون،4 پاسپورٹس چوری کرلئے گئے ۔