کوئٹہ (خ ن) بلوچستان انفارمیشن کمیشن کے کمشنرز عبد الشکور خان اور شانیہ خان نے ایسوسی ایشن فار انٹیگریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (AID) کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں شرکت کی، جس کا موضوع ʼʼرائٹ ٹو انفارمیشن قانون کی افادیت اور چیلنجزʼʼ تھا۔ اجلاس کے دوران AID کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل جہانگیر نے شرکاء کو رائٹ ٹو انفارمیشن (RTI) کے قانون اور اس کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے انفارمیشن کمیشن کے کمشنر عبد الشکور خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں رائٹ ٹو انفارمیشن قانون شہریوں کے لیے حکومتی شفافیت اور احتساب کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون شہریوں کو سرکاری معاملات میں شامل کرنے اور ان کی ضروری معلومات تک رسائی کو ممکن بناتا ہے۔ کمشنر انفارمیشن کمیشن محترمہ شانیہ خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ انفارمیشن کمیشن کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کے آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کمیشن کی کاوشوں اور عوامی آگاہی کے لیے جاری پروگرامز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ شرکاء نے بتایا کہ بلوچستان رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021 شہریوں کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری محکمے سے مطلوبہ معلومات طلب کر سکیں، جب تک کہ وہ معلومات قومی سلامتی یا عوامی مفاد کے خلاف نہ ہوں۔ اس قانون کا مقصد حکومتی معاملات میں شفافیت کو فروغ دینا اور کرپشن کے خاتمے کے لیے راہیں ہموار کرتا ہے۔ بلوچستان انفارمیشن کمیشن اس قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن کے قانون پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو تعاون کرنا ہوگا۔ ساتھ ہی عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے مزید آگاہی مہمات چلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ کمیشن کے ممبران نے ایسوسی ایشن فار انٹیگریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (AID) کی رائٹ ٹو انفارمیشن اور اسکے قانونی اور تکنیکی مہارتوں کی تعریف کی اور کہا کہ اس ادارے نے رائٹ ٹو انفارمیشن کے قانون کی عمل داری کے لیے بہت محنت کی ہے جس کے لیے انکی ٹیم داد کی مستحق ہے اور اس امر کا اظہار کیا کہ انکی معاونت وہ مستقل میں بھی لیتے رہیں گے۔ شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس ایک اہم پیشرفت تھی جو بلوچستان میں شفافیت، جوابدہی اور بہتر حکمرانی کے لیے سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معلومات تک رسائی کے حق کو عام کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔