اسلام آباد (ساجد چوہدری )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام نے حکومتی بل ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024کثرت رائے سے منظور کرلیا،بل کے حق میں 11اور مخالفت میں 6 ارکان نے ووٹ دیئے ، قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سید امین الحق کی زیرِ صدارت ہوا ، وزیر مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے بتایا کہ بل میں کچھ ترامیم لائی گئی ہیں، ، ممبر کمیٹی عمر ایوب نے کہا شارک مچھلیوں نے کاٹ کاٹ کر انٹرنیٹ کیبل کا ستیاناس کردیا ، پاکستان تحریک انصاف کا جب جلسہ ہوتا ہے تو انٹرنیٹ کی سپیڈ سست کردی جاتی ہے، تحریک انصاف اس ڈیجیٹل نیشن بل کی مخالفت کرتی ہے، ممبر کمیٹی عمیر نیازی نے کہا بل پاس کرانے میں اتنی جلدبازی نہ کریں، ہمارے تحفظات دور کریں، ممبر کمیٹی بیرسٹر گوہر نے کہا آخر ڈیجیٹل کمیشن بنانے کی ضرورت کیوں پڑرہی ہے؟ ،شزہ فاطمہ نے کہا یہ ڈیٹا پول ایک جگہ اکٹھا نہیں ہورہا ، یہ غلط تاثر دیا جارہا کہ ڈیٹا ایک جگہ جمع ہوگا، ادارے ڈیجٹلائز ہورہے ہیں، ڈیجیٹل شناخت سے بہت ساری چیزیں آسانی سے دستیاب ہو جائیں گی۔