کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں آئی این ایکس میری ٹائم سروس کا آغاز، نئی سروس سے مغربی ہندوستان اور شمالی یورپ کے درمیان براہ راست سمندری رابطہ ہو جائے گا،تفصیلات کے مطابق پاکستان کی یونائیٹڈ میرین ایجنسیز (UMA) نے ایچ ایم ایم کے ساتھ مل کر کراچی بندرگاہ کو HMM کی نئی "انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس" (INX) سروس سے جوڑ دیا ہے۔ یہ نئی سروس مغربی ہندوستان اور شمالی یورپ کے درمیان ایک براہ راست سمندری رابطہ فراہم کرے گی اور 5 فروری 2025 کو کراچی سے اپنی پہلی روانگی کے ساتھ عالمی سطح پر اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گی۔کراچی میں بدھ کے روز منعقدہ افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی، وائس ایڈمرل فیصل عباسی، کمانڈر کراچی پاکستان نیوی، نے اس نئی سروس کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی بحری سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور مستحکم کرنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا، "مواصلات کی سمندری لائنیں (SLOCs) قوموں کو اپنی زمینی سرحدوں سے آگے بڑھنے کی سہولت فراہم کرتی ہیں، اور یہی تجارت کے لیے اہم راستے فراہم کرتی ہیں۔ ۔""انڈیا نارتھ یورپ ایکسپریس" (INX) سروس کا پہلا سفر کراچی سے شروع ہوگا، جس میں بندرگاہوں کا روٹ کراچی – ہزیرہ – موندرا – نہوا شیوا – کولمبو – لندن گیٹ وے – روٹرڈیم – ہیمبرگ – اینٹورپ – کراچی شامل ہے۔ یہ ہفتہ وار سروس چھ ہزار ٹی ای یو (TEU) کنٹینر جہازوں کے ساتھ 11 ہفتے (77 دن) کے عرصے میں مکمل ہو گی یہ پیشرفت خطے میں میری ٹائم تجارت اور عالمی ترسیل کے مواقع کو فروغ دے گی۔"یونائیٹڈ میرین ایجنسیز (UMA) پاکستان میں ہنڈائی مرچنٹ میرین (HMM) کے لیے بہترین شپنگ سروسز فراہم کر رہی ہے۔