• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا امریکی صدر ٹرمپ کو خط، عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی، دفتر خارجہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ترجمان وزارت خارجہ نے افغانستان کی جانب سے اسلام آباد پر داعش کو سپورٹ کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر افغان حکام پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی پناہ گاہوں کے خاتمے پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا وزیراعظم نے امریکی صدر ٹرمپ کو 20جنوری کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کا باضابطہ خط بھیجا ہے، اسی طرح نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی امریکا کے نئے وزیر خارجہ کو مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کیساتھ مثبت اور مستقل تعلقات چاہتا ہے، امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی سفیر نے کی ، وزیرداخلہ محسن نقوی امریکی دفتر خارجہ کے ذریعے نہیں گئے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’ملک ریاض (بزنس ٹائیکون) کی حوالگی ممکن ہے یا نہیں، اس بارے میں تفصیلات لے کر ہی کچھ بتایا جا سکتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا جائے، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کیلئے بھی خطرناک ہے، افغانستان حکام یقینی بنائیں کہ غیر ملکی اسلحہ دہشتگردوں کے ہاتھ نہ آئے۔
اہم خبریں سے مزید