ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کاآغاز کل 25جنوری سے شروع ہو گا۔ گزشتہ روز دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ایک ساتھ ملتان انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کی ۔ملتان کی پچ ایک بار پھر کور رہی اور بڑے بڑے پنکھے لگائے گئے ہیں تاکہ پچ کو خشک کیا جا سکے۔پاکستان ٹیم نے پہلا ٹیسٹ 127رنز سے جیتنے کے بعد مسلسل دوسرے روز ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم نے بدھ کے روز آرام کیا تھا۔ دریں اثناقومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دینے کے لئے میدان میں اتریں گے ،میچ میں سب اہم چیز بڑا سکور کرنا ہوتاہے ،ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بڑے سکور کی اپروچ سے کھیلیں گے۔