کراچی (نیوز ڈیسک) مالی سال 2024میں امریکی اسلحے کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مالی سال 2024میں امریکا نے ریکارڈ 318.7ارب ڈالر کا اسلحہ برآمد کیا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 29فیصد زیادہ ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024میں حکومتی سطح پر دیگر ممالک کو فراہم کیے گئے دفاعی سازوسامان اور خدمات کی مالیت 117.9ارب ڈالر بنتی ہے جو گزشتہ مالی سال کے 80.9ارب ڈالر کے مقابلے میں 45.7فیصد کا اضافہ ہے۔ مالی سال 2024 میں امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے براہ راست دیگر ممالک کو فروخت کیے جانے والے دفاعی سازوسامان کی مالیت 200.8ارب ڈالر رہی جو مالی سال 2023کے 170.6ارب ڈالر کے مقابلے میں 23.5فیصد زیادہ ہے۔ امریکی اسلحے کی فروخت میں ہونے والے اضافے کی ایک وجہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کے بعد اپنے اسلحہ ذخائر کو دوبارہ بھرنا بھی ہے۔