اسلام آباد (طاہر خلیل )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مالیاتی پالیسیوں کی بہتر نگرانی اور استعداد کار بڑھانے کے سلسلے میں ایک مضبوط فریم ورک بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ جمعہ کو اسلام آباد میں پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستان میں یورپی یونین کے وفد نے آسٹریا اور آئرلینڈ کی پارلیمنٹ اور پارلیمانی بجٹ آفسز (PBOs) کے دورے سے قبل پاکستان کے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ یہ دورہ پاکستان میں پارلیمانی ترقی کے لئے مختص 15ملین یورو کے یورپی یونین کے فنڈڈ منصوبے کا حصہ ہے۔ 23معزز اراکین پر مشتمل اس اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کر ینگے ۔ اعلیٰ سطح وفد میں صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر، تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ، اور پارلیمانی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران شامل ہیں۔