اداکار و میزبان ساحر لودھی نے خود کا بھارتی سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ موازنہ کیا جانے پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
ساحر لودھی نے حال ہی میں ’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں ریڈیو میں کام کرنا نہیں چھوڑ سکتا، ریڈیو میں 100 فیصد آپ کی اپنی محنت، ایک مائیک اور آپ کی آڈیئنس ہوتی ہے، مجھے ٹی وی پر میزبانی سے زیادہ ریڈیو پر کام کرنا اچھا لگتا ہے۔
شو کے دوران عمر شریف اور معین اختر کا ذکر کرتے ہوئے ساحر لودھی جذباتی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ میں روزانہ کی بنیاد پر عمر شریف کی قبر پر جاتا ہوں، اگر یہ دو فنکار عمر شریف اور معین اختر پاکستان میں نہ ہوتے تو بہت سے فنکار بن نہ پاتے۔
ساحر لودھی نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنا موازنہ کیے جانے پر بھی کھل کر بات کی۔
ساحر لودھی کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان بہت بڑے فنکار ہیں اور بڑی انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں رہتا ہوں اور یہاں کا فنکار ہوں، میں شاہ رخ خان سے دو سے تین بار ملا ہوں اور ان کا انٹرویو بھی کر چکا ہوں، چاہتا ہوں کہ اپنے کام سے پہچانا جاؤں۔
اداکار نے بتایا کہ میں گزشتہ 20 سال سے کام کر رہا ہوں، پہلے میں ڈائیٹ نہیں کرتا تھا، اب ڈاکٹر کی بتائی ہوئی ڈائیٹ لینے لگا ہوں، گزشتہ سال مجھے صحت سے متعلق کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، پہلے میں روزانہ 19 سے 18 میل کی جاگنگ کرتا تھا، اب ڈاکٹر کے کہنے پر 8 سے 9 میل جاگنگ کرتا ہوں اور ڈائیٹ بھی ڈاکٹر کی بتائی ہوئی لے رہا ہوں۔