لاہور (نیوزرپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے نیب ملتان کا اہم دورہ کیا۔چیئرمین نیب کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں بورڈ آف ریونیو پنجاب، محکمہ ریونیو جنوبی پنجاب اور چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندگان، محکمہ جنگلات جنوبی پنجاب کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی نیب ملتان مسعود عالم نے اہم کیسز پر چیئرمین نیب کو بریفنگ دی۔چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے جنوبی پنجاب کے تمام سرکاری محکموں کو باہمی تعاون بڑھانے کی ہدایات جاری کیں۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کا کہنا تھا کہ ریاستی اراضی کے تحفظ کیلئے سرکاری زمینوں کی باقاعدہ نشاندہی کی جائے، تمام غیر قانونی قابضین سے سرکاری زمینیں فوری واگزار کروائی جائیں، قومی ترقی کیلئے تمام سرکاری محکموں کو نیب بھرپور مدد فراہم کرے گا۔چیئرمین قومی احتساب بیورو نے نیب ملتان کی کوششوں کو سراہا اور بدعنوانی سے نمٹنے کیلئے مختلف اہداف تفویض کئے۔