راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں مختلف واقعات میں ایک لڑکی سمیت چھ افراد جان کی بازی ہارگئے ۔تھانہ روات کے علاقہ فیز7 ریوارائز میں کراچی سے آئی لڑکی ساتویں منزل سے گر کرجاں بحق ہوگئی ۔25سالہ ردا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردی گئی۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق خاتون کا تعلق کراچی سے ہے جو اپنے ایک عزیز کے ہمراہ راولپنڈی آئی تھی۔جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کئے گئے ہیں جب کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کروالیا گیا ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی وجوہات کی بنا پر خودکشی کا لگتا ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ جراہی سٹاپ کے قریب ایک مزدورگٹر میں گر کرجاں بحق ہوگیا۔ذرائع کے مطابق مزدور گھر میں گٹر کی صفائی کرتے ہوئے پاؤں پھسلنے سے گٹر میں جاگر جس سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔ تھانہ دھمیال کے علاقہ گرجا میں ٹریفک حادثہ میں موٹرسائیکل سوارتنویرجاں بحق ہوگیا۔ذرائع کاکہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار چینپھنسنے سے سڑک پر گرا تواس دوران ڈمپر اس کے اوپر سے گزر گیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔تھانہ روات کے علاقہ فیز7میں موٹرسائیکل سوار زاہد عمر گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔تھانہ روات ہی کے علاقہ فیز7میں لفٹ ٹھیک کرتے ہوئے طیب ستی لفٹ گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔تھانہ بھارہ کہوکو عثمان شبیر نے بتایاکہ اس کاچھوٹابھائی مدثرشبیر4بجے رات قاضی آباد چکی والی گلی نئی آبادی بھارہ کہو میں اپنے کمرہ میں سویاہواتھااچانک شور شرابہ کی آوازسن کر اٹھا اور دیکھاکہ ایک شخص کو جس کی عمر 30سے 35سال ،کپڑے براؤن ،جیکٹ گرے ،ہلکی ہلکی داڑھی ،درمیانہ قد جوپشتو بولتاتھا میرے چھوٹے بھائی مدثر شبیر نے سیڑھیوں کے پاس پکڑا ہواتھا۔اتنے میں والد بھی جاگ کرآگئے ۔میرے والد شبیر احمد نے اس سے پوچھا تم کون ہوکیوں ہمارے گھرآئے ہو،تم چور ہوجس نے جواباً کہاکہ میں چور نہیں ہوں ۔ اس نے چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے جیب سے چاقو نکال کر میرے والدپروار کیاجووالد کی چھاتی پرلگا ۔ اس نے دوبارہ وارچاقو کئے جو بھائی مدثر کے پیٹ میں لگے ۔ملزم کومیں نے قابوکرنے کی کوشش کی جس نے مجھ پر بھی وارکیا اور باہر بھاگ گیا۔ میں بھائی مدثر اور والد شبیراحمد کوپڑوسی عمیر کی گاڑی میں لے کر پولی کلینک ہسپتال آگئے ہسپتال پہنچتے ہی والد صاحب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جب کہ بھائی تاحال بے ہوش ہے ۔