• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صائم ایوب چیمپئنز ٹرافی سے باہر، امام الحق کی شمولیت کا امکان

کراچی (عبدالماجد بھٹی) اب یہ بات تقریباً طے ہے کہ صائم ایوب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ٹخنے میں فریکچر کے بعد وہ لندن میں آرام اور اسپیشلسٹ کی نگرانی میں ری ہیب میں مصروف ہیں۔اس متعلق ہیوسٹن میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کا مستقبل داؤ پر نہیں لگانا چاہتے۔ ایک دو روز میں صائم ایوب کا پلاسٹر اتر جائے گا، روزانہ صائم ایوب سے رابطہ کرتا ہوں۔ پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کے مطابق انجری ٹھیک ہونے میں کچھ وقت درکا ہے اس لئے بورڈ کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔ ٹخنے سے پلاسٹر بھی نہیں کٹا ہے۔ ٹخنے پر وزن ڈالنے میں وہ درد محسوس کررہے ہیں۔ صائم ایوب کی انجری کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کا اعلان نہیں ہوسکا ہے ۔ امکان ہے کہ ملتان ٹیسٹ کے اختتام پر سہ فریقی ٹورنامنٹ اور چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا ۔ امام الحق اور مڈل آرڈر میں سعود شکیل کی شمولیت کا امکان ہے۔ سلیکٹرز شان مسعود کو موقع دینا چاہتے تھے لیکن ملتان ٹیسٹ میں ناقص کارکردگی کے بعد ان کی شمولیت خطرات سے دوچار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے ہفتے صائم ایوب وطن واپس آجائیں گے اور ری ہیب پر کام کریں گے۔ ابتدا میں ڈاکٹروں نے صائم کو چھ ہفتے آرام کا مشورہ دیا تھا۔

اسپورٹس سے مزید