• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ٹیسٹ، جادو الٹنے لگا، ویسٹ انڈین اسپنرز چھا گئے، پاکستان مشکل میں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) دو دن میں غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کے باعث پاکستانی ٹیم کو ملتان ٹیسٹ میں شکست کا سامنا ہے۔جادو الٹنے لگا، کپتان کریگ بریتھ ویٹ کی عمدہ اننگز کی بدولت مہمان ٹیم پاکستانی سرزمین پر35 سال میں پہلا ٹیسٹ جیتنے اور سیریز برابر کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔ کپتان شان مسعود، محمد ہریرا، کامران غلام اور بابر اعظم اسپن بولنگ کے جال میں پھنس کر آؤٹ ہوئے۔ ہریرا اور کامران غلام نے غیر ذمے دارانہ انداز میں وکٹیں گنوائیں۔ اتوار کو دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن 254رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر76رنز بنائے ہیں۔ سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن بناکر کھیل رہے ہیں۔ پاکستان کو سیریز دو صفر سے جیتنے کے لئے مزید 178رنز درکار ہیں ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم ہوم گراونڈ پر دوبار بڑے ہدف عبور کرکے میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔1994-95 میں اس نے کراچی میں آسٹریلیا کے خلاف314رنز بناکر میچ ایک وکٹ سے جیتا۔22 سال پہلے بنگلہ دیش کے خلاف ملتان ٹیسٹ میں پاکستان نے انضمام الحق کی فائٹنگ اور ناقابل شکست سنچری کی بدولت261رنز بناکر ایک وکٹ کی ڈرامائی جیت حاصل کی تھی۔ ہدف کے تعاقب میں کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر کیون سنکلیئر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے غیر ضروری ریویو لے کر ضائع کردیا۔ اگلے اوور میں محمد ہریرہ بھی 2 رنز بنانے کے بعد گوداکیش موتی کی گیند پرریورس سوئپ کھیلتے ہوئے ایل بی ڈبلیو ہوگئے، کامران غلام بھی 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ بابراعظم ان کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور وہ صرف 31 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ قبل ازیں پہلی اننگز میں 6 وکٹیں لینے والے نعمان علی نے دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو 80رنز دے کر پویلین لوٹاکر میچ میں دس شکار کیے ۔ ساجد خان نے 76رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ویسٹ انڈیز کو اوپنرز نے دوسری اننگز میں 50 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کپتان کریگ بریتھویٹ نے 52 ، عامر جنگو نے 30 رنز بنائے ۔ نعمان علی نے 4 وکٹیں لے کر میچ دلچسپ بنادیا ۔ پہلی اننگز میں ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے ٹیل اینڈرز ایک بار پھر وکٹ پر جم گئے۔ وکٹ کیپر ٹیون ایمالاچ اور کیون سنکلیئر نے 51 رنز کی شراکت قائم کی۔ سنکلیئر 28 رنز پر ساجد خان اور 35رنز پر ٹیون ایمالاچ کاشف علی کے شکار بن گئے ۔ گداکیش موتی اور جومل وریکین کو ساجد خان ایل بی ڈبلیو کیا۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 244 رنز بناکرپاکستان کو 254 رنز کا ہدف دیا۔

اسپورٹس سے مزید