• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنے ہی پیر پر مہلک وار، اسپن نے پاکستان کے ہوش اڑا دیئے، ویسٹ انڈیز 34 برس بعد کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈیز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کی ایک اور بدترین کارکردگی کی وجہ سے پاکستانی سر زمین پر34 سال بعد ٹیسٹ میچ جیت کر گرین کیپس کا ٹیسٹ سیریز اور وائٹ واش کا خواب چکنا چور کردیا۔اسپن پچ کا فیصلہ پاکستان نے اپنے ہی پیر پر مہلک وار ثابت ہوا،ٹرن ہوتی گیندوں نے بیٹرز کے ہوش اڑادیے۔ پاکستان دوسرا ٹیسٹ 120رنز سے ہارگیا، سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ کیریبینز نے پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ فتح نومبر1990میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سات وکٹ سے ریکارڈ کرائی تھی ۔ 254 رنز کے جواب میں ہوم سائیڈ دوسری اننگز میں مایوس کن انداز میں133رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نعمان علی کی ہیٹ ٹرک اور دس وکٹیں رائیگاں گئیں۔ سعود شکیل ، رضوان اور سلمان آغا سے بہت توقعات تھیں لیکن تینوں زیادہ دیر رک نہ سکے۔ ٹیسٹ میچ میں کوئی میزبان بیٹسمین نصف سنچری نہیں بناسکا۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈین اسپنر جومیل واریکن نے دوسری اننگز میں بھی5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے میچ میں70رنز دے کر 9وکٹ حاصل کئے۔ وہ میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انہوں نے سیریز میں 85 رنز دے کر 19 وکٹیں اپنے نام کیں، کیون سنکلیئر نے 3 جبکہ گداکیش موتی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کا فیصلہ تیسرے دن لنچ سے قبل ہوگیا۔ آخری چھ وکٹ ایک گھنٹے میں گر گئے۔ سلمان علی آغا اور محمد رضوان کے درمیان 39رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ان کے علاوہ کوئی مزاحمت نہ کرسکا۔ پیر کو سعود شکیل پہلے اوور کی تیسری گیند پر13رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔ اگلے اوور میں نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد مہمان ٹیم کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔ سلمان علی آغا 15 ، ساجد خان 7، نعمان علی 6 اور محمد رضوان 25رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ قبل ازیں 244رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان شان مسعود 2، ساتھی اوپنر محمد ہریرہ 2 اور کامران غلام 19رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے ۔ اسٹار بیٹر بابر اعظم کا بیٹ اس بار بھی خاموش رہا اور صرف 31 رنز پر آؤٹ ہوکر صورتحال مزید سنگین بناگئے تھے۔ دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 244 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، کپتان کریگ براتھویٹ 52 ،میکل لیوس 7، عامر جینگو 30، کیویم ہوج 15، ایلک اتھاناز 6، جسٹن گریوز 10، کیون سنکلیئر 28، ٹیون املاچ 35 جبکہ گڈاکیش موتی اور جومل واریکن 18، 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نعمان علی اور ساجد خان نے 4، 4جبکہ کاشف علی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

اسپورٹس سے مزید