کوئٹہ (آن لائن) پاکستان مرکزی مسلم لیگ بلوچستان کے امیر سردار حافظ محمد امجد اسلام نے کہا ہے کہ بھارت کا سیکولرزم اور جمہوریت محض دھوکہ ہے، یوم جمہوریہ کشمیری عوام کیلئے یوم سیاہ ہے کیونکہ 7 دہائیوں سے بھارت نے کشمیریوں کے جمہوری اور انسانی حقوق کو غصب کر رکھا ہے۔ 5 فروری کو مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بلوچستان بھر میں یکجہتی کشمیر پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا نام نہاد جمہوری چہرہ کشمیر اور اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک کی بدولت دنیا بھر کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہو چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک واقدامات اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کا سیکولرزم اور جمہوریت محض دھوکہ ہے، یوم جمہوریہ کشمیری عوام کے لئے یوم سیاہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت بلوچستان بھر میں5 فروری کو مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پروگرام منعقد کرے گی ۔