راولپنڈی،کراچی (نیوز ایجنسیاں، نیوز ڈیسک ) قلات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 18جوان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران قلات میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی اور ہرنائی میں پاک فوج کے آپریشن کے دوران 23دہشتگرد مارے گئے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عاملہ کے مطابق ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشتگردوں نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنا کر 12دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بلوچستان ایف سی کے 18جوان بھی شہید ہو گئے،آئی ایس پی آر کے مطابق ہرنائی میں دہشتگردوں کیخلاف موثرکارروائی کے دوران 11دہشتگرد مارے گئے ، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قلات میں بزدلانہ فعل کے مرتکب دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ کالعدم بی ایل اے نے قلات میں فورسز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ نام نہاد دوست نما دشمن کچھ بھی کریں ان کو شکست ضرور ملے گی، دشمنوں کو قوم اور مسلح افواج کی قوت سے شکست ہوگی۔وطن کے دفاع کیلئے جب بھی ضرورت پڑی ہم جوابی کارروائی کریں گے اور دفاع وطن کیلئے جب بھی ضرورت پڑی، یہ لوگ جہاں کہیں بھی ہوں ان کا پیچھا کیا جائے گا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا اور انہیں بلوچستان کی موجودہ سیکورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں سینئرسکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہدا کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی جبکہ آرمی چیف نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں زخمی جوانوں کی عیادت کی اورملک کے دفاع کیلئے جوانوں کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ودیگر سیاسی قائدین نے قلات حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق یکم فروری 2025کو ضلع ہرنائی میں کیے گئے ایک آپریشن میں پاک فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 11دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا اور دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی رات کو ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں کی جانب سے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔