کراچی(اسٹاف رپورٹر)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نےسہ فریقی ٹورنامنٹ کے لئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ،آ سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔ٹورنامنٹ میں میزبان پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔سنگل لیگ کی بنیاد پر ہونے والی سہ فریقی سیریز 8 سے 14 فروری تک لاہور اور کراچی میں کھیلی جائے گی ۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے رکن انگلینڈ کے مائیکل گف اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل امپائر پاکستان کے فیصل خان آفریدی آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر رچرڈ النگورتھ تھرڈ امپائر ہوں گے جبکہ راشد ریاض چوتھے امپائر ہوں گے۔قذافی اسٹیڈیم 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے میچ کی میزبانی بھی کرے گا جہاں رچرڈ النگورتھ اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائزر جبکہ مائیکل گف تھرڈ امپائر ہوں گے۔ آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کے رکن آصف یعقوب چوتھے امپائر ہوں گے۔لیگ کا آخری میچ اور سہ فریقی سیریز کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقاکے درمیان کراچی میں ہونے والے میچ میں آصف یعقوب اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز ہوں گے جبکہ رچرڈ النگورتھ اور فیصل خان آزادی بالترتیب تھرڈ اور چوتھے امپائر ہوں گے۔جمعہ 14 فروری کو ہونے والے فائنل میں آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر احسن رضا رچرڈ النگورتھ کے ساتھ آن فیلڈ امپائرہونگے جبکہ مائیکل گف تھرڈ امپائر ہوں گے۔ آصف یعقوب فائنل میں چوتھے امپائر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔