کراچی (اسد ابن حسن) نیشنل اکاؤنٹبلٹی بیورو پانچ ارب روپے سے زائد کے لینڈ اسکینڈل میں گرفتار ڈپٹی کمشنرز کی ضبط شدہ گاڑیاں کو پلی بارگین منظور ہونے کے بعد کے تناظر میں نیلام کرے گی۔ نیب کراچی کے مراسلے کے مطابق ادارے کے دائر کردہ ریفرنس نمبر 23/1 جس میں 19نامزد ملزمان پر پانچ ارب روپے سے زائد کی کرپشن M-6 موٹروے جو سکھر سے حیدراباد تک تعمیر ہونی تھی اس کی زمین کے حصول کے لیے فراڈ کیا گیا۔ پہلے اینٹی کرپشن سندھ نے تحقیقات کی پھر بعد میں نیب نے تحقیقات کر کے ریفرنس دائر کیا۔ جس کے بعد نامزد ملزمان بشمول سابق ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشید، سابق ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز تاشفین عالم جو مفرور ہو گیا تھا، بینک مینیجر ذیشان سہتو، ملٹری انٹیلیجنس کا ایک اعلی افسر جس نے مبینہ طور پر 10کروڑ روپے رشوت وصول کی بعد میں وہ گرفتار ہوا اور کورٹ مارشل ہو کر نوکری سے برخاست کر دیا گیا اور اس سے دو کروڑ روپے کی ریکوری بھی ہوئی۔