کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں جنوری 2025کے دوران 3,442کمپنیوں کی رجسٹریشن کرائی گئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے ، ایک ماہ میں سب سے زیادہ 3,442کمپنیوں کی شمولیت پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر اور کاروباری آسانی کو فروغ دینے کے لیے ایس ای سی پی کے عزم کی عکاسی ہے ،ایس ای سی پی ترجمان کے مطابق جنوری میں ہونے والی رجسٹریشن گذشتہ سال کے ماہانہ اوسط کے مقابلے میں 39% اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔ترجمان کے مطابق جنوری 2025 کے دوران، ایس ای سی پی نے مختلف شعبوں میں کمپنیوں کو رجسٹر کیا، جن میں کلیدی صنعتوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)اور ای کامرس شعبوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا، 652نئی کمپنیاں شامل کی گئیں۔ تجارت کے شعبے میں 463نئی کمپنیاں، خدمات کے شعبے میں 411 نئی کمپنیاں، رئیل اسٹیٹ ترقی اور تعمیرات میں 311 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔ سیاحت اور ٹرانسپورٹ میں 242، خوراک اور مشروبات میں 158، صحت اور فارماسوٹیکل میں 233، ایندھن اور توانائی میں 81، تعلیم میں 124، کان کنی اور پتھر کاری میں 119، مارکیٹنگ اور اشتہار میں 86، ٹیکسٹائل میں 79، کارپوریٹ زرعی فارمنگ میں 73 نئی رجسٹریشنز شامل ہوئیں۔