راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) تجاوزات اور غلط پارکنگ کے خلاف کارروائی کی حمایت کرتے ہیں لیکن صرف تاجروں کونشانہ بنانااور بغیر کسی اعلان کے بعض بازاروں میں نوپارکنگ ایریا ڈیکلئیر کرکے دھڑا دھڑ چالان کرنا زیادتی ہے ۔جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انجمن تاجران نرنکاری بازار کے صدر شیخ محمدالیاس گوگانے بتایاکہ تاجر برادری کا ایک بڑا حصہ ن لیگ کا ووٹرہے لیکن موجودہ حالات میں تاجروں سے زیادتی کی جارہی ہے ۔ ان کی توہین کیا جارہی ہے ۔معمولی بات پر دکانیں سیل کردی جاتی ہیں اور بیرئیرکے اندر کھڑے کئے گئے موٹرسائیکلوں کے بھی چالان کئے جارہے ہیں اور ٹریفک پولیس والے موٹرسائیکل اٹھاکر لے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں سات سو سے زیادہ دکانداروں کی یونین کاصدر ہوں لیکن میرے علم میں بھی نہیں کہ انتظامیہ نے کون سے بازار میں پارکنگ پر پابندی لگادی ہے تو عام آدمی کوکیامعلوم ہوگا۔ ہفتہ کو مجھ سمیت 50کے قریب موٹرسائیکل والوں کے فی کس 2ہزار روپے چالان کئے گئے کہ آپ نے نوپارکنگ ایریامیں موٹرسائیکل کھڑے کررکھے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے انتظامیہ کو آگاہی بورڈز اور پینافلیکس آویزاں کرنے چاہئیے تاکہ لوگوں کوپتہ چل سکے کہ وہ کہاں گاڑیاں اور موٹرسائیکل کھڑی کریں۔ان کاکہنا تھاکہ دوسری جانب ریڑھی والوں کوکھلی چھوٹ ہے اور مبینہ طور پر ان سے منتھلی کی شرح بڑھادی گئی ہے ۔شیخ محمدالیاس گوگا نے افسوس کااظہارکیاکہ راولپنڈی کے منتخب نمائندوں نے اس حوالے سے چپ سادھ رکھی ہے اور وہ اس حوالے سے اپنا کردار اداکرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہیں آئندہ ووٹ دیتے ہوئے عوام کئی بار سوچیں گے۔