• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم آزاد کشمیر اور حافظ نعیم ملاقات، تحریک آزادی تیز کرنے پر اتفاق

مظفرآباد(این این آئی)وزیر اعظم آزادکشمیر چودھری انوار الحق سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران تحریک آزادی کشمیر کو تیز تر کرنے اور بیس کیمپ کی بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر حریت قیادت، سیاسی رہنماؤں اور معززین نے بھی شرکت کی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آزادکشمیر میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، یہاں ساری توجہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی پر ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے، کشمیری اپنی جائز جدوجہد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر انسانی قوانین نافذ کر کے کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور اہل پاکستان کی حمایت سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کا حوصلہ بلند ہوتا ہے، جماعت اسلامی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی، مہاجرین مقبوضہ جموں وکشمیر کی آبادکاری اور ریاست میں دیگر فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔چودھری انوار الحق نے کہاکہ آزاد کشمیر میں مکمل سیاسی رواداری اور امن ہے، ہم نے دوطرفہ محبت اور خوشگوار تعلقات پر مبنی روایات قائم کی ہیں، کشمیریوں کی جدوجہد پرامن اور عالمی قوانین کے عین مطابق ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت ہماری پرامن تحریک کو کچلنے کیلئے ہر غیر انسانی حربہ استعمال کررہا ہے، پاکستان اور وہاں کے عوام نے ہر مشکل گھڑی میں آزاد جموں وکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کا ساتھ دیا، یوم یکجہتی منانے سے ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف کے باسیوں کا حوصلہ بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آزادکشمیر میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، یہاں ساری توجہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی پر ہے۔
اہم خبریں سے مزید