• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عاطف خان کی عون چوہدری سے ملاقات، PTI اختلافات میں شدت

پشاور(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے سنیئر رہنما عاطف خان اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما اور بشریٰ بی بی کے عدت کیس کے گواہ عون چوہدری کی ملاقات کے باعث پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات میں شدت آگئی ہے پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں تصویر پر وزیراعلیٰ سمیت دیگر رہنماؤں کی تنقید ، وزیر اعلی خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سمیت پارٹی رہنماؤں نے عاطف خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کی عون چوہدری کیساتھ ملاقات پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے ، ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سوشل میڈیا گروپ میں پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے عاطف خان کی عون چوہدری سے ملاقات کی تصویر شیئر کی ، ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے بشری بی بی کے عدت کیس کے گواہ سے ملاقات پر سوالات اٹھائے اور اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ میں تو صوبہ کے چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے مجبوری میں سرکاری لوگوں سے ملتا تھا، ذرائع کے مطابق اس معاملے پر عاطف خان کا کہنا ہے کہ ملاقات خفیہ نہیں بلکہ دن کی روشنی میں سب کے سامنے ہوئی، دراصل میں اسلام آباد کلب میں معمول کے مطابق واک کےلئے گیا تھا جہاں عون چوہدری سے آمناسامنا ہوا تو کسی نے تصویر بنالی ، ذرائع کے مطابق پارٹی کے سوشل میڈیا گروپ میں کئی رہنماؤں نے عاطف خان کی بات سے اتفاق کیا ۔
اہم خبریں سے مزید