آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ٹکٹس کی فروخت شروع ہوگئی، نجی کوریئر کمپنی کے دفاتر کے باہر شائقین کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ایک شناختی کارڈ پر چار ہی ٹکٹس دی جارہی ہیں، ٹکٹوں کی فروخت شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔
آن لائن ٹکٹ بک کرنے والوں کو آج ٹکٹیں نہیں ملیں گی انہیں 6 فروری کو ٹکٹیں ملیں گی اور ہوم ڈلیوری 8 فروری کو ہوگی۔
شائقین کرکٹ کی نظریں پاکستان نیوزی لینڈ کے میچ کے ٹکٹس پر مرکوز ہیں۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 19 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان نیوزی لینڈ مقابلہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ بھی ہوگا۔
پاکستان نیوزی لینڈ میچ کے جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ دو ہزار روپے کا ہے، فرسٹ کلاس کا 4 ہزار، پریمیئم اسٹینڈ کا 7 ہزار اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے ہے۔
کوریئر کمپنی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے جنرل اسٹینڈ جس کی قیمت 2000 روپے تھی، اسکے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔
ترجمان کمپنی کے مطابق 4 ہزار، 7 ہزار اور 12 ہزار والے ٹکٹس دستیاب ہیں۔