اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان سمیت خطے میں موسمیاتی استحکام کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا، سی وی ایف-وی20اور پی سی آئی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط،تفصیلات کے مطابق کلائمیٹ ویلنریبل فورم - ویلنریبل ٹونٹی گروپ آف فنانس منسٹرز (سی وی ایف-وی20)اور پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) نے پاکستان اور وسیع تر خطے میں موسمیاتی استحکام، پائیدار ترقی، اور ماحولیاتی حکمرانی پر تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے۔اس اسٹریٹجک شراکت داری کا مقصد دونوں اداروں کی مہارت اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے موسمیاتی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا، پائیدار معاشی ترقی کو آگے بڑھانا، اور پاکستان کے کلائمیٹ پروسپیرٹی پلان کو مکمل ہونے پر نافذ کرنے کی کوششوں کو تقویت دینا ہے۔ اس مفاہمت کی یاداشت میں تحقیق، پالیسی وکالت، بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے، اختراع اور صلاحیت سازی کی مشترکہ کوششوں کا عزم ظاہر کیا گیا ہے جو پاکستان کی موسمیاتی استحکام کی کوششوں کو فائدہ پہنچائے گی اور علاقائی تعاون کو بڑھائے گی۔اس مفاہمت کی یاداشت پر علاقائی ڈائریکٹر سی وی ایف-وی20 حمزہ ہارون اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، پاکستان چائنہ انسٹی ٹیوٹ (پی سی آئی) مصطفیٰ حیدر سیدنے دستخط کیے سی وی ایف-وی20کے ریجنل ڈائریکٹر جنوبی ایشیا، حمزہ ہارون نے کہا کہ "یہ شراکت داری پاکستان اور خطے کے لیے موسمیاتی طور پر مستحکم مستقبل کی تعمیر کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مہارت، اختراع، اور اسٹریٹجک پالیسی عمل کو یکجا کر کے ہم موسمیاتی مالیہ تک رسائی، ترقی کو فروغ دینے، ترقیاتی اور موسمیاتی نتائج حاصل کرنے کا راستہ ہموار کر رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ پاکستان کا کلائمیٹ پروسپیرٹی پلان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے براہ راست متاثر ہونے والے کمیونٹیز کے لیے حقیقی اثرات پیدا کرے۔"پاکستان چائنہ انسٹیٹیوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نے اس مو قع پر کہا کہ "پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر استحکام کی تعمیر اور طویل مدتی پالیسی اختراع دونوں کی ضرورت ہے۔ یہ شراکت داری دونوں محاذوں پر کارروائی کو آگے بڑھائے گی، خطرے سے دوچار کمیونٹیز کے لیے پائیدار حل کو یقینی بنائے گی اور ساتھ ہی موسمیاتی طور پر مستحکم مستقبل کی تشکیل میں مدد دے گی۔"