لوٹن: کوآرڈینیٹر کشمیر سالیڈیریٹی کمپین حاجی چوہدری محمد قربان نے برطانیہ کی پاکستانی کشمیری کمیونٹی سے پُرزور اپیل کی ہے کہ ماضی کی طرح اس سال بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے۔
ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دن ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں جن کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کی جائے اور کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دینے کا مطالبہ دہرایا جائے۔
چوہدری محمد قربان نے کہا کہ پچھلے کئی سال سے 5 فروری کو پاکستانی عوام اور حکومت ہم کشمیری عوام کے ساتھ بےمثال یکجہتی کا مظاہرہ کرتے چلے آرہے ہیں جس پر ہم کشمیری پاکستانی عوام اور حکومتوں کے مشکور ہیں تاہم اب پہلے سے بھی بڑھ کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کی ضرورت ہے کیونکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کو عملی طور پر ایک وسیع جیل خانہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ ہماری عفت مآب خواتین کی عصمت دری کرنا بھارت کی قابض فورسز کا معمول بن چکا ہے، بچوں پر تعلیمی اداروں کو بند کر دیا جاتا ہے، آئے روز کے کرفیو سے سول سوسائٹی کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بھارت نے ہر طرح کے جبر و ظلم سے کشمیری عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی ہے۔ توقع ہے کہ ماضی کی اس سال بھی اسلام آباد، مظفر آباد سمیت مختلف شہروں میں 5 فروری پر ریلیاں نکالیں گے۔ مظفرآباد، لندن اور برسلز میں بھی پروگرام کیے جائیں گے۔
چوہدری محمد قربان نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ او آئی سی فی الفور مقبوضہ کشمیر پر اجلاس بلائے، یورپین یونین مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اپنا نمائندہ مقرر کرے۔
انکا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل و بھارت کو اس کا کیا گیا وعدہ یاد کرواتے ہوئے 5 فروری کو پوری دنیا میں یوم یکجہتی کشمیر نئے جوش اور جذبے سے منایا جائے تاکہ دنیا بھارت پر دباؤ ڈال کر کشمیریوں کو ان کا حق رائے شماری دے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر پاکستان کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جہاں 5 فروری کو کشمیری غیور مسلمان بھارت و سلامتی کونسل کی وعدہ خلافی کے خلاف پوری دنیا میں احتجاج کرتے ہیں وہاں پاکستانی قوم بھی اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ سلامتی کونسل و بھارت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہمارے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور دنیا کو باور کرواتے ہیں کہ کشمیری پاکستانی یک دل اور یک جان ہیں۔