• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرپورخاص، پیپلزپارٹی میں اختلافات، ٹاؤن چیئرمین پر الزامات، خاتون سمیت 5 کونسلرز مستعفی

میرپورخاص(رپورٹ:سید محمد خالد) ضلع میرپورخاص کی ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی میں پیپلزپارٹی کے درمیان اختلافات سامنے آگئے، پانچ کونسلرز نے اپنی ہی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن چیئرمین پر الزامات عائد کرکے استعفے دے دئیے ۔ میرواہ گورچانی کے ایک خاتون سمیت پانچ کونسلرز نے استعفے ٹاؤن افسر کو پیش کردئیے۔ استعفوں میں ٹاؤن چیئرمین احسان الحق آرائیں پر نامناسب روئیے سمیت کونسل اراکین کو اعتماد میں نہ لینے اور بجٹ کی کاپیاں نہ دینے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب ٹاؤن چیئرمین احسان الحق نے جوابی الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہےکہ کرپشن روکنے پر اراکین ان کے خلاف ہوگئے ہیں،معاملہ قیادت کے سامنے لاکر ان کے مشورے کے بعد فیصلہ کروں گا۔ ٹاؤن چیئرمین اور مستعفی اراکین کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے۔ پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق ،مستعفی اراکین نے چند روز قبل پارٹی قیادت کو اپنے استعفوں سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اصل تنازع ٹاؤن وائس چیئرمین ہیرالال میگھواڑ اور چیئرمین احسان الحق کے درمیان ہے اور استعفی دینے والے کونسلرز وائس چیئرمین کے گروپ سے ہیں۔ وائس چیئرمین ہیرالال کا موقف ہےکہ ٹاؤن کمیٹی چیئرمین فنڈز اور اختیارات کے استعمال میں من مانی کرتے ہیں اور اراکین کو اعتماد میں نہیں لیتے، جس سے اختلافات پیدا ہوئے۔ میرواہ ٹاؤن کمیٹی 16 اراکین پر مشتمل اور سالانہ بجٹ تقریباً 12 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

ملک بھر سے سے مزید