کراچی( اسٹاف رپورٹر) صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت ایل پی جی سیلنڈرز سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت منعقد ہوئی۔ سیلنڈرز کی آزادنہ نقل و حرکت اور غیر قانونی فروخت پر پچھلے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ سماعت میں سیکریٹری صوبائی محتسب منصور عباس رضوی، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی جاوید عالم اوڈھو، میونسپل کمشنر کراچی ایس ایم افضل، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اوگرا جی ایم شاہین، سینئر ٹیکنیکل انسٹرکٹر سول ڈیفنس کراچی مرزا مرسلین بیگ، ڈپٹی کنوینر ایف پی پی سی سی آئی فرحان ایاز، رجسٹرار مسعود عشرت و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایل پی جی سیلنڈرز کی آزادنہ نقل و حرکت اور غیر قانونی فروخت سے متعلق پچھلے اجلاس کے فیصلوں سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ کمشنر کراچی نے صوبائی محتسب سندھ کو ایل پی جی کی غیر قانونی و غیر معیاری فروخت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایل پی جی گیس کی غیرقانونی و غیرمعیاری فروخت پر شہر میں 300 سے زائد دکانیں سیل کی ہیں جبکہ شہر میں 6 ہزار سے زائد مزید دکانوں پر ایل پی جی گیس فروخت ہورہی ہے جو اوگرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو مزید بااختیار کرنے کے لیے اوگرا کو اپنے قوانین میں ترامیم کرنی ہوں گی۔ کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ایل پی جی گیس کی غیر معیاری و غیرقانونی فروخت سے متعلق اوگرا قوانین میں ترامیم نہ صرف شہری انتظامیہ بلکہ پولیس ایکشن کی سمت بھی متعین کرے گی۔