کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی محتسب انشورنس ، سابق چیف سیکریٹری سندھ اور سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی اسکاؤٹنگ کو پاکستان بھر میں نمایاں مقام حاصل ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے کہ ہم اسکاؤٹنگ کے فروغ میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں،سندھ میں اسکاؤٹنگ کی سطح پر گرلز و بوائز کیلئے گولڈ میڈلز کا اجراء کیا جائے گا۔ وہ سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں اختتامی کلمات ادا کررہے تھے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں اسکاؤٹنگ کی سرگرمیوں کیلئے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی ،آئندہ سال سندھ کے تمام ڈویژنز میں اسکاؤٹنگ کے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے تاکہ اسکاؤٹنگ کو فروغ حاصل ہو ۔ اس موقع پر سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ٹربیونل کے چیئرمین اور سینئر نائب صوبائی اسکاؤٹ کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز ، سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور نائب صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید رسول بخش شاہ ، ڈپٹی سیکریٹری ایجوکیشن عبد العلیم لغاری ، ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سکھر حافظ شہاب الدین ، ڈائریکٹر ایجوکیشن میر پور خاص محمد اقبال کمبر، ڈائیریکٹراسکول ایجوکیشن پرائمری ممتازعلی کلہوڑو، ڈپٹی ڈائریکٹرایجوکیشن حیدر آباد ڈویژن قرۃالعین ،نائب صوبائی اسکاؤٹ کمشنر پروفیسر معین اظہر صدیقی ، صوبائی خازن محمد حسین مرزا ، صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر، نائب صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری فرقان احمد یوسفی اور رضا محمد شیخ اور دیگر موجود تھے ۔