• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی آ رٹی ریڈ لائن منصوبے میں سست روی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کام کی سست روی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ بات انھوں نے منگل کو اپنی زیر صدارت کراچی کے مسائل پر ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے کہی،تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نےمنگل کو کراچی کے مختلف اضلاع کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں، ٹریفک کی صورتحال، پانی کی فراہمی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے شہر میں جاری منصوبوں میں تاخیر اور ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے مسائل پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔اجلاس میں سیکریٹری بلدیات، کمشنر کراچی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی جی ایس بی سی اے، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ڈی جی ایم ڈی اے، ڈی جی کے ڈی اے، واٹر بورڈ کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کام کی سست روی کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ منصوبہ جون 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے، تاہم یوٹیلیٹی شفٹنگ اور سول ایوی ایشن کے رائٹ آف وے این او سی کے مسائل تاخیر کی بنیادی وجوہات ہیں۔ چیف سیکریٹری نے ہدایت دی کہ ان تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کی جائے۔شہر کی بنیادی ڈھانچے کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے غیر ضروری روڈ کٹنگ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری طور پر روڈ کٹنگ پر مکمل پابندی عائد کرنے اور اس کے خلاف دفعہ 144 نافذ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ اگر کہیں کھدائی ضروری ہو تو متعلقہ ادارہ فورا مرمت کو یقینی بنائے۔ ٹریفک کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے شہر کے پلوں کے نیچے رکشہ، ٹرک اور ٹرالر کی غیر قانونی پارکنگ پر تشویش کا اظہار کیا اور ان کے فوری خاتمے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی کہ شہر بھر سے تمام تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے، خاص طور پر وہ ریڑھیاں اور بازار جو ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید