کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین کی پنشن اور بقایاجات کی عدم ادائیگی کا معاملہ تا حال حل نہ ہو سکا۔ گزشتہ ماہ گورنر ہاؤس پر ہونے والے احتجاج میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے نمائندہ اور رکن قومی اسمبلی امین الحق نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی تھی کہ ان کی پنشن فوری ادا کر دی جائے گی، مگر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کی جانب سے صرف ایک ماہ کی پنشن جاری کر کے معاملے کو ٹالنے کی کوشش کی گئی۔ اس سے قبل وفاقی محتسب بھی یونیورسٹی کو پنشن اور بقایاجات ادا کرنے کے لیے حکم جاری کر چکے ہیں۔ ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین نے یوم کشمیرکی حمایت میں یونیورسٹی کی جانب سے نکالے جانی والی ریلی کے موقع پر اپنی احتجاجی ریلی موخر کرنے کا اعلان کردیا۔ ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین نے وائس چانسلر کے رویے کو وفاقی وزیر کی ہدایات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اورانتظامیہ کی جانب سے ریٹائرڈ اساتذہ کے اجلاس پر لگائی جانے والی پابندی کی مذمت کی۔