ٹوکیو(عرفان صدیقی) جاپان میں جاری عالمی نمائش ایکسپو 2025اوساکا میں پاکستانی پویلین سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ صرف تین ماہ کے دوران 8لاکھ سے زائد جاپانی اور بین الاقوامی سیاحوں نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا، جو کہ ایک قابلِ فخر ریکارڈ ہے۔پاکستانی پویلین کے انچارج اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے ڈائریکٹر جنرل محمد نصیر کے مطابق،جاپانی اور غیر ملکی سیاح پاکستانی پویلین کو دیکھنے کے لیے ایک ایک گھنٹہ قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں۔ یہ پاکستان کی ثقافتی کشش اور معیاری مصنوعات کا ثبوت ہے۔ پویلین میں پاکستانی ہمالیائی پنک سالٹ کو مرکزی تھیم کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جس نے جاپانی عوام میں بے حد مقبولیت حاصل کی۔