کوہاٹ(نامہ نگار)کوہاٹ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن، عارضی کمین گاہیں تباہ،طویل آپریشن تھانہ لاچی کے دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں انجام دیا گیا، ریجنل پولیس آفیسر عباس مجید مروت کی ہدایات پر دہشتگردوں، مطلوب مجرموں اور اشتہاریوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت تھانہ لاچی کی حدود میں ایک گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا گیا۔آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی لاچی سجاد حسین نے کی، جس میں ایس ایچ او تھانہ لاچی، ایلیٹ فورس، ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ اور ڈسٹرکٹ پولیس کے اہلکاروں نے بھرپور حصہ لیا۔طویل آپریشن تھانہ لاچی کے دور افتادہ اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں انجام دیا گیا۔دورانِ آپریشن دہشتگرد عناصر کی جانب سے قائم کی گئی عارضی کمین گاہوں کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہد اللہ نے نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ایسے آپریشنز تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے، اس قسم کی کارروائیاں قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر ہتھیار ثابت ہو رہی ہیں کوہاٹ پولیس کا عزم ہے کہ ہر قیمت پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔