کراچی (نیوز ڈیسک) حماس نے اسرائیلی جیلوں سے رہا فلسطینی قیدیوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے ، تاہم اس حوالے سے پاکستان کی وزارت داخلہ نے لاعلمی کا اظہار کیا ہے جبکہ وزارت خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ حماس نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان اُن 15 فلسطینی قیدیوں کی میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے جو فائر بندی معاہدے کے نتیجے میں اسرائیلی جیلوں سے رہا ہوئے ہیں۔ حماس کے ترجمان خالد القدومی نے عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس اعلان پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ پاکستان ایک بڑا بھائی ہے اور اس کا القدس سے روح کا تعلق ہے۔ حماس کے ترجمان ڈاکٹر خالد القدومي نے انڈپینڈنٹ اردو کو ٹیلی فون پر اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’ابتدا میں یہ تعداد 15 ہوگی تاہم وہ کب پاکستان آئیں گے یہ تفصیلات طے نہیں ہوئی ہیں۔‘ انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جن فلسطینیوں کو پاکستان آنا ہے وہ مصر اور ترکی کے راستے یہاں پہنچیں گے لیکن وہ تاحال مصر سے نہیں نکلے ہیں۔