کراچی (اسٹاف رپور ٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت، بہترین افرادی قوت اور بھرپور وسائل سے مالا مال ہے، حکومت وافواج پاکستان اورپالیسی ساز کشمیر پر سودے بازی کے تاثر کو ختم کر کےبھارت کے خلاف واضح،دو ٹوک اور جرات مندانہ حکمت عملی اپنائیں، نیو ایم اے جناح روڈ پر ”یکجہتی کشمیر ریلی“ سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے انھوں کہا کہ5 فروری سے قبل وزیر اعظم پاکستان کواسلام آباد میں تنازع کشمیر پر قومی کانفرنس منعقد کرنی چاہئے تھی تاکہ قومی مؤقف کی ترجمانی ہوتی اور بھارت کو بھی پیغام جاتا،کشمیری ہمارے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کا ہے، کشمیر کا تنازع پیدا کرکے کروڑوں انسانوںکو معاشی،سیاسی و جمہوری حقوق سے محروم کیا گیا،دنیا میں امن اسی وقت ہوگا جب تنازع کشمیر حل ہوگا اور فلسطین فلسطینیوں کو ملے گا،حکمرانوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ امریکی صدر کے اشاروں پر فلسطینیوں کی عظیم فتح اورکامیابی کو شکست میں بدلنے کا سوچا بھی گیا تو پوری ملت اسلامیہ کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا،ریلی سے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، توفیق الدین صدیقی، سیف الدین ایڈوکیٹ، جنید مکاتی، یونس سوہن ایڈووکیٹ، کشور کمار ودیگر نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں ریلی کے شرکاء نے جیل چورنگی تا اسلامیہ کالج تک پیدل مارچ کیا، قیادت لیاقت بلوچ اور منعم ظفر خان نے کی،اس موقع پر صابر ابو مریم،سردار عبد الحمید ودیگر بھی موجود تھے،لیاقت بلوچ نے مزیدکہاکہ، حکومت افغانستان سے تعلقات ٹھیک کرے، پاکستان ایران سے گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنائے اور ایران سے بھی اپنے تعلقات میں پائیداری پیدا کرے، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دنیا میں امن کا ذریعہ بنیں گے،بنگلہ دیش سے تعلقات کی نئی راہوں سے دونوں ممالک کو استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔