کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر فہیم خان کی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایم این اے اسد قیصر سے یہاں اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے تحت ہونے والے تین روزہ دورے کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، فہیم خان نے کہا کہ پاکستان کی قوم اس وقت اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے، پہلے عوام کے ووٹ کو منظم طریقے سے چوری کیا گیا، پھر ملک پر فارم 47 کی جعلی حکومتیں مسلط کی گئیں، اور بعد ازاں عدلیہ اور آئین کو دانستہ طور پر مفلوج کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم 26 اور 27 کے ذریعے عدالتی نظام کو مکمل طور پر غیر مؤثر بنا دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک سے آئین و قانون کی بالادستی ختم ہو چکی ہے اور انصاف کی حکمرانی باقی نہیں رہی،انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بانی کی قیادت میں ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کے لیے منظم اور پرامن جدوجہد کر رہی ہے، جس میں عوام کی بھاری اکثریت پی ٹی آئی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔