کراچی (اسٹاف رپورٹر)مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے اتحاد بین مسلمین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج عالم اسلام کو جن خطرات کا سامنا ہے وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے۔،کفار کی طاقتیں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلم ممالک کو سیاسی، معاشی، دفاعی اور نظریاتی طور پر کمزور کرنے کے لیے نت نئی سازشوں میں مصروف ہیں، امتِ مسلمہ کو آپس میں لڑا کر،فرقہ واریت اور انتشار کو ہوا دے کر اسلام دشمن قوتیں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتی ہیں، فلسطین، کشمیر، شام، یمن، عراق اور دیگر مسلم خطوں میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ اسلام مخالف طاقتیں پوری امت کو نشانہ بنا رہی ہیں،مگر افسوس کہ مسلم حکمران خواب غفلت میں مبتلا ہیں، بلال سلیم قادری نے مزید کہا کہ یہ وقت بیان بازی کا نہیں بلکہ عملی اتحاد کا ہے،مسلم ممالک اگر اب بھی ذاتی مفادات،اقتدار کی سیاست اور بیرونی دباؤ کو ترجیح دیتے رہے تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔