کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ سے پنجاب اور خیبر پختونخوا جانے والی مسافر کوچز کے مالکان سعداللہ کاکڑ اور وحید خان کاکڑ اوردیگرنے کہا ہے کہ کوئٹہ سے پنجاب اور خیبر پختوا چلنے والی ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری رہی۔ ٹرانسپوٹرزسے تاحال حکومت کی جانب سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں ہے مذاکرات کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ٹرانسپورٹر ز کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں شیرانی میں ایک ٹریفک حادثے کے بعد دہشتگرد عناصر نے مسافر کوچ کو نذر آتش کردیا اور مقامی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی رہی جس سے ڈرائیوروں اور مالکان میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے صوبائی حکومت فوری طور پر نذرآتش کی جانے والی مسافر کوچ کا معاوضہ ادا کرے ۔ جگہ جگہ چیک پوسٹوں پرمسافر کوچز کو روک کر تلاشی لینے کی بجائے ایک جگہ تمام ادارے ملکر تلاشی لیں ، قومی شاہراہوں پرآئے روز مسافر کوچز کو مسلح ڈاکو لوٹ کرفرار ہوجاتے ہیں پولیس ،لیویز اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں کے تحفظ کو یقینی بنا ئیں اور لوٹ مار میں ملوث عناصر کو فوری طور پرگرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسافرکوچز کو جگہ جگہ روک کر غیر قانونی طریقے سے بھاری چالان کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔