کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کا حاسد ہمسایہ سرٹکراتا رہ گیا، انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی اور سہ فریقی سیریز کی میزبانی کیلئے قذافی اسٹیڈیم لاہور مکمل تیار ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے یہ اسٹیڈیم بالکل نئی شکل میں سامنے آیا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف جمعے کی شام رنگا رنگ تقریب میں افتتاح کریں گے۔ اس دوران شائقین مختلف تقریبات سے لطف اندوز ہوں گے جن میں معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ کی گلوکاری، آتش بازی اور منفرد لائٹ شو، شاندار ڈھول پرفارمنس اور آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔ دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی بھی مکمل ہوچکا ہے اس کا افتتاح 11 فروری کو ہوگا۔ خیال رہے کہ پی سی بی کے چیئر محسن نقوی کی قیادت میں پی سی بی نے ریکارڈ 117 دنوں میں قذافی اسٹیڈیم کو جدید ترین اسٹیڈیم میں تبدیل کردیا ہے۔ اسٹیڈیم میں 32 ہزارلوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش بن گئی ہے۔ چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہمارے اسٹیڈیمز، خصوصاً قذافی اسٹیڈیم بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار ہو چکے ہیں۔ ان کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ناممکن کام کو ممکن بنایا۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن ، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کی ٹیموں کی مشترکہ کوششوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ تنقید کے باوجود ہماری ٹیم پرعزم رہی اور اللہ تعالیٰ نے ہماری راہیں آسان کر دیں۔ 8 فروری سے لاہور میں ٹرائی سیریز کا پہلا میچ ہونے جا رہا ہے ۔ اس سے قبل دوپہر میں اسٹیڈیم پر کام کرنے والے دو ہزار ورکرز کی مٹن قورمہ، بیف پلائو، چکن روسٹ، روغنی نان، زردہ رائتہ اور سلاد سے تواضع کی جائے گی ۔ دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بلال چوہان نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم کا 100 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔ 11 فروری کو افتتاحی تقریب ہوگی۔