کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل عالمی چیمپئن آسٹریلین ٹیم کپتان پیٹ کمنز سمیت چار اہم کھلاڑی مارکس اسٹونئس، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش کی خدمات سے محروم ہوگئی ہے۔ آل راؤنڈر مارکس اسٹوئنس نے اچانک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ، ان کی جگہ اب کرکٹ آسٹریلیا متبادل کے نام کا اعلان کرے گا۔ اسٹوئنس کے مطابق ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہیں تھا ۔ چیف سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ پیٹ کمنز ٹخنے کی انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے جبکہ جوش ہیزل ووڈ کو کولہے میں تکلیف کا سامنا ہے۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان 12 اور 14 فروری کو 2 ایک روزہ میچز کھیلیں جائیں گے ۔